کیا ایجنسیز نے عمران خان کو ٹرانسفر پوسٹنگ میں کرپشن کا نہیں بتایا؟۔فائل فوٹو
کیا ایجنسیز نے عمران خان کو ٹرانسفر پوسٹنگ میں کرپشن کا نہیں بتایا؟۔فائل فوٹو

عمران خان بتائیں پاک آرمی میں میرٹ پرکب تعیناتی نہیں ہوئی،خواجہ آصف

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج میں ساری تقرریاں میرٹ پرہوتی ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کیا عمران خان نے تقرریاں میرٹ پرکیں، کیا عثمان بزداراور کے پی کے وزیراعلیٰ کی تقرری میرٹ پر تھی؟بی آر ٹی انکوائری دفن کردی گئی کیا یہ میرٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی تحقیقات دفن کرنا اور توشہ خانہ پر بات نہ کرنا کیا میرٹ ہے؟ آج ان کی پارٹی میں ان کا دفاع کرنے والا کوئی نہیں، کیا توشہ خانے سے تحائف لے کر بیچ دینا میرٹ ہے؟ کس میرٹ کی بات کرتے ہیں؟ کیا یہ میرٹ ہے کہ آپ کو عدم اعتماد سے نکال دیا گیا اورآپ امریکا کو ذمے دار ٹھہرائیں؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں پاک آرمی میں میرٹ پرکب تعیناتی نہیں ہوئی اور جو بھی 4 یا 5 نام آتے ہیں وہ فوج کی قیادت بھیجتی ہے۔ بی آر ٹی انکوائری دفن کر دی کیا یہ میرٹ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو بیچ کر پیسے پاس رکھنا میرٹ ہے کیا ؟ کیا یہ میرٹ ہے کہ عدم اعتماد کا ذمے دار امریکا اور کبھی کسی ادارے کو ٹھہرائیں۔انہوں نے کہا کہ چیزیں بہت آگے چلی گئی ہیں اور اب سب کچھ سامنے آئے گا۔ فارن فنڈنگ سے بھی معاملات بہت آگے جا چکے ہیں

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے توشہ خانہ پر درخواست دی اور 180 ملین پر تحقیقات مکمل کرلیں۔ شہباز شریف کے لندن جانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور یہ میرے علم میں بھی نہیں۔ عمران خان پہلے عدالتوں اور اداروں پر بات کرتے ہیں پھر وضاحتیں دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کیا ایجنسیز نے عمران خان کو ٹرانسفر پوسٹنگ میں کرپشن کا نہیں بتایا؟ اور عمران خان جواب دیں کہ کیا عثمان بزدار کو میرٹ پر وزیراعلی بنایا گیا ؟ کیا محمود خان اور مراد سعید کو میرٹ پر عہدے دیئے گئے؟ فرح خان جو ٹرانسفر اور پوسٹنگ کرتی تھی کیا یہ میرٹ تھا؟ کیا فرح خان ٹرانسفر پوسٹنگ کرسکتی تھی؟

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی تحقیقات رکوانے کے لیے عمران خان عدالت کیوں گئے تھے؟ اور کیا عمران خان کو نہیں معلوم تھا کہ سیمنٹ انڈسٹری کے لائسنس نہیں بک رہے تھے۔ میں ان لوگوں کو جانتا ہوں جنہوں نے خان صاحب کو کہا کہ بزدار پیسے لیتا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ کا الائنمنٹ کیوں تبدیل کیا گیا؟عمران خان جواب دیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پارٹی فنڈ کو ذاتی استعمال پر عمران خان قوم کو جواب دیں اور عمران خان کو ہیروں والی بات کو ٹالنا نہیں چاہیے۔ عمران خان یہاں آئیں اورتمام سوالات کے جواب دیں۔