اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمرکی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے اور قومی اسمبلی کے اسپیکرراجہ پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفی دے چکے ہیں۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر پی ٹی آئی کے 125 ارکان کے استعفے منظورکرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسپیکرراجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے، اسے کالعدم قرار دیا جائے۔