ڈریپ کی کارروائی : ذخیرہ کی گئی ڈھائی لاکھ پینا ڈول کی گولیاں برآمد

کراچی : ڈریپ نے کراچی میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ مارکر ڈھائی لاکھ پیناڈول کی گولیاں برآمد کرلیں۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈریپ نے کچی گلی میڈیسن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ مارا اور کارروائی کےدوران ڈھائی لاکھ پیناڈول گولیاں پکڑی گئیں۔

وزارت صحت نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی سے مارکیٹ میں پیناڈول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی، فارمیسی سے ادویات کا مشکوک اسٹاک بھی برآمد ہوا۔

ڈریپ نے کچی گلی فارمیسی سے اسٹاک قبضے میں لے لیا اور برآمد ادویات کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔\خیال رہے ڈریپ کا جعلی، غیر قانونی ادویات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون جاری ہے۔

ڈریپ نے اسلام آباد،لاہور اور پشاور میں مختلف مقامات پرچھاپے مارے اور کارروائی میں ساڑھے 3کروڑ مالیت کی غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کرلیں۔ڈریپ نے اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں غیر رجسٹرڈ ادویات بیچنے والے 25 اسٹورز،فارمیسز سیل کردیے۔

‏ واضح رہے کہ ملک بھر میں اس وقت پناڈول کی شدید قلت پائی جاتی ہے، کیونکہ سیلاب کے بعد لوگ بڑے پیمانے پر بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں جس میں فوری ریلیف کیلئے پیناڈول کی ضرورت ہوتی ہے تاہم مافیا نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مارکیٹ سے یہ اہم ترین گولیاں غائب کر دیں