میگزین رپورٹ:
زعفران کا شمار دنیا کے سب سے قیمتی، مسحور کن خوشبو اور دلکش رنگت والے مسالہ جات میں ہوتا ہے۔ زعفران مختلف کھانوں میں، خاص طور پر میٹھے پکوانوں میں ڈالا جاتا ہے۔ یہ مسالہ مانع تکسید اجزا (Antioxidants) سے بھرپور اور صحت و توانائی کے لیے بہت مفید قرار دیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے بقول زعفران نہ صرف مزاج کو خوشگوار رکھتا ہے۔ بلکہ ذہنی دباؤ (Stress) کو بھی ختم کرتا ہے۔ زعفران (Crocus Sativus) نامی پھول سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ پھول کے تخم دان (Stigma) اور بیضہ دان (Style) میں ہوتا ہے۔ زعفران کا حصول بہت مشکل کام ہے۔ کاشت کار اپنے ہاتھوں سے اس کے دھاگے نما ریشے بہت احتیاط سے پھولوں سے چنتے ہیں اور ذائقہ بڑھانے کے لیے ان کو گرم کر کے بہت احتیاط سے محفوظ کر لیتے ہیں۔
قدیم و جدید طبی ماہرین کی رائے سے زعفران کی اہمیت و افادیت ظاہر ہوتی ہے۔ برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق زعفران، جگر کے امراض دور کرنے میں بہت فائدہ مند ہے۔ اس کی وجہ زعفران میں پائے جانے والے مفید اجزا ہیں۔ اسی طرح یہ سرطان سے بھی مزاحمت کرتا ہے۔ اب ماہرینِ صحت، زعفران کو سرطان کی ادویہ میں شامل کر رہے ہیں۔ زعفران خون کی گردش کو متوازن کرتا اور شریانوں کو سخت ہونے سے بچاتا ہے۔اس میں موجود اجزا کولیسٹرول کی سطح کو معمول پر رکھتے ہیں۔ اس طرح یہ نہ صرف دل کے امراض میں فائدہ دیتا ہے، بلکہ دل کے دورے کے خطرے کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ چٹکی بھر زعفران دودھ میں ملا کر پینے سے آپ دل کے امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
موسم سرما یا گرما میں ہونے والے نزلے زکام کی شدت انسان کو بے حال کر دیتی ہے۔ لہٰذا جن افراد کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے، وہ موسمی شدت برداشت نہیں کر پاتے اور نزلے زکام میں با آسانی مبتلا ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ دودھ میں چٹکی بھر زعفران ملا کر پئیں تو وہ نزلے زکام سے بالکل محفوظ رہیں گے۔ کئی تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ زعفران بھوک میں کمی کرتا ہے، جس سے وزن گھٹنے لگتا ہے۔ زعفران کھانے سے کمر کے گرد جمع شدہ چربی گھلنے لگتی ہے۔ اس لیے جو افراد موٹاپے سے پریشان رہتے اور مختلف دوائیں کھاتے ہیں، وہ زعفران کے ضمیمے کھا کر اپنے وزن میں کمی کر سکتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے طبی ماہر سے مشورہ ضروری ہے۔
صحت مند و توانا رہنے کے لیے نیند کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر نیند پوری نہ ہو تو صحت کے کئی مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ بے خوابی کے مریض یا مکمل نیند سے محروم افراد کو حکما مشورہ دیتے ہیں کہ وہ رات کو سونے سے قبل دودھ میں تھوڑا سا زعفران شامل کرکے پینے کی عادت ڈال لیں، بے خوابی جاتی رہے گی۔
اس کے علاوہ زعفران میں ایک ایسا جزو بھی پایا جاتا ہے، جو جلد نیند لانے میں بہت معاون ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق زعفران میں کئی صحت بخش اجزا پائے جاتے ہیں، جنہیں مانع تکسید کہتے ہیں۔ ان اجزا کے علاوہ اس میں مفید صحت مرکبات بھی ہوتے ہیں، جو جسم میں تکسیدی تناؤ اور آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) کے خلاف لڑ کر عام بیماریوں، خاص طور پر امراض قلب سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح مذکورہ مانع تکسید اجزا اور مرکبات کئی امراض سے محفوظ رکھتے ہیں۔ زعفران میں موجود مانع تکسید اجزا اعصابی نظام کے امراض سے بھی نجات دلانے میں مدد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں پائے جانے والے مرکبات دماغی سوزش سے بچاتے اور تکسیدی نقصان کو کم کر دیتے ہیں، جس سے صحت پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔ زعفران۔ یادداشت بہتر کرنے میں بھی موثر ہے۔ اس میں مانع سوزش اثرات بھی پائے جاتے ہیں۔
زعفران ایک قیمتی اور خوش ذائقہ و خوش بودار سوغات ہی نہیں، بلکہ مدافعتی نظام کو توانا بنانے کا ایک موثر ذریعہ بھی ہے۔ آپ اسے کھانوں میں شامل کرکے نہ صرف کھانوں کو خوشبو دار اور مزیدار بنا سکتے ہیں، بلکہ صحت کے فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ زعفران کو آپ اپنی روزمرہ کی غذاؤں میں شامل کر لیجیے۔ ایک بات ذہن نشین کر لیجیے کہ زعفران ہمیشہ کسی مستند کمپنی یا دکان دار ہی سے خریدیں، کیونکہ چاول کے آٹے میں زعفرانی گھول کر جعلی زعفران بنانے کا دھندا بھی عروج پر ہے۔
(زعفران سمیت کسی بھی جڑی بوٹی کا طبی استعمال، مستند معالج کے مشورے کے بغیر نہ کریں)