اسلام آباد: پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ بچوں کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز تمام پاکستانیوں کو تباہ کن مرض سے تحفظ دینے کے حوالے سے قابل فخر پیشرفت ہے، پاکستانی بچوں کے تحفظ کے لیے ہماری یہ شراکت ہمارے دیرینہ و باہمی تعاون اور بین الاقوامی بحران پر قابو پان کی اہمیت کی عکاس ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یہ بات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسی نیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے ہمراہ امریکی حکومت کی جانب سے عطیہ کی گئی 80 لاکھ فائزر کووڈ 19 پیڈیا ٹرک ویکسین کی پہلی کھیپ کی خوراک بچوں کو دینے کی ملک گیر مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
واضح رہے کہ کرونا وبا کے آغاز پر امریکہ نے 7 کروڑ 80 لاکھ خوراکین پاکستان کو دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس میں سے اب تک 7 کروڑ سے زائد خوراکیں پاکستان کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے امریکہ پاکستان کو کرونا کی سب سے زیادہ خوراکیں عطیہ کرنے والا ملک بھی ہے۔
امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے توسط سے حکومت پاکستان کی پانچ سے لے کر گیارہ سال تک کے بچوں کو کووڈ 19 سے تحفظ کی ویکسین لگانے میں معاونت کر رہی ہے۔ مہم اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شروع کی گئی ہے۔
مہم کی افتتاحی تقریب میں این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شبانہ سلیم اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادیوں کو کرونا وبا سے تحفظ دینا دونوں حکومتوں کی مشترکہ ترجیح ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ویکسین لاکھوں بچوں کو وبا کے انتہائی تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون و مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے امریکی حکومت کی اس حوالے سے حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔