اجتماعی زیادتی کے بعد لڑکی کی خودکشی۔چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

کراچی: ضلع تھر پارکرکے شہر مٹھی میں لڑکی سے گینگ ریپ کے بعد خودکشی کی خبر پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نوٹس لے لیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اخبار کی خبر پر ڈی آئی جی میرپور خاص اور ایس ایس پی تھرپارکر کو طلب کرلیا۔ عدالت عالیہ کی جانب سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ ایس ایچ او اورکیس کا تفتیشی افسر 22 ستمبر کو ریکارڈ سمیت پیش ہوں۔

خبر کے مطابق تھرپارکر کے علاقے کلوئی میں لڑکی سے گینگ ریپ ہوا تھا جس کے بعد پولیس نے بااثر افراد کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا تھا۔

ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار نیازی کے مطابق مٹھی میں اجتماعی زیادتی کے الزام میں 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ  2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ تھرپارکر کے علاقے کلوئی میں لڑکی سے گینگ ریپ ہوا تھا، یہ واقعہ 8 ستمبر کوپیش آیا تھا  جبکہ متاثرہ لڑکی نے18 ستمبر کو خود کشی کی تھی۔