اسلام آباد: آٹا، دالیں، آلو، چنا،انڈے،چینی اور زندہ مرغی سمیت کئی ضروری اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جائزہ رپورٹ کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 8 اعشاریہ صفر ایک فیصد کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 29.28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے تحت ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 297 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 1323 روپے سے بڑھ کر 1621 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کے مطابق دال چنا کی فی کلو قیمت میں چھ روپے 37 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد وہ مارکیٹ میں 257 روپے 50 پیسے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے تحت دال مونگ کی فی کلو قیمت 248.80 روپے سے بڑھ کر 252 روپے ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 71 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 87.64 روپے ہو گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے تحت ایک ہفتے کے دوران فی درجن انڈوں کی قیمت میں 1.47 روپے کا اضافہ ہوا ہے جب کہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت بھی 12.76 روپے بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، پیاز، دال مسور، گھی اور لہسن کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔