اسلام آباد : ڈائریکٹر سیف سٹی کی پھندا لگی لاش برآمد

اسلام آباد : اسلام آباد پولیس میں گریڈ 19 کے افسر اور ڈائریکٹر سیف سٹی عبدالقدیر کی پھندا لگی لاش ملنے کا آئی جی نے نوٹس لیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تھانہ کھنہ کے علاقہ میں ڈائریکٹر سسٹم سیف سٹی کی پھندا لگی لاش برآمد کی گئی۔

عبدالقدیر این ٹی سی  کے  ملازم تھے اورڈیپوٹیشن پراسلام آباد پولیس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کو کیس کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے بیان میں لواحقین سے  ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے  واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ابتدائی بیان میں کہا گیا کہ واقعہ خودکشی کا لگتا ہے  ۔  سینیئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ۔

واضح  رہے کہ اسلام آباد میں سیف سٹی سسٹم کے تحت سینکڑوں کیمرے شہر کی سڑکوں اور پرہجوم جہگوں پر نصب ہیں جن سے مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔