میری قوم میری کال پر نکلنے کیلیے تیار ہے۔فائل فوٹو
میری قوم میری کال پر نکلنے کیلیے تیار ہے۔فائل فوٹو

امپورٹڈ حکومت بھارت سے تجارت کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان

کرک:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کے ساتھ تجارت پرپابندی لگائی، اب یہ امپورٹڈ حکومت تجارت کو کھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے ن لیگ کی مرکزی نائب صدر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی سب سے بڑی کوالٹی ہے کہ سچ نہیں بولا جاتا، لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی اس کی کوئی پراپرٹی نہیں ، داماد کیلیے ہندوستان سے پاور پلانٹ کی مشینری امپورٹ کروارہی تھی، آدھی آگئی، جب کوئی اقتدار میں بیٹھ کر خود کو فائدہ کرواتا ہے تو اسے کرپشن کہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز موجودہ دورحکو مت میں ناجائز کام کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیسے کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں کو بھی نظر انداز کرتے ہیں، لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے، انہیں کوئی پرواہ نہیں، انہیں پیسہ نظر آتا ہے۔
عمران خان ںے کہا کہ یہ اقتدار میں صرف پیسہ بنانے آتے ہیں، ملک غریب ہوگیا اوران کا خاندان امیرہوگیا، دونوں بیٹے لندن میں ہیں، کہتے ہیں، ہم پاکستان کے نہیں برطانیہ کے شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، یہ لوگ اپنے کیسز معاف کروا رہے ہیں، میں حقیقی آزادی کی تحریک چلا رہا ہوں، ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے، ان کے دور میں بنگلہ دیش اور بھارت ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان دو خاندانوں کو میرٹ کو پتہ ہی نہیں، جب یہ اقتدار میں آئے تو ملک کے قرضے بڑھ گئے، عدلیہ کی آزادی کیلئے میں نے جیل بھی کاٹی، مجھے تین وکٹیں نظر آرہی ہیں جب کہ ایک بیماری اور وہ ہے زرداری۔
انہوں نے کہا کہ تیسری وکٹ فضل الرحمن کی ہے، میں نے ان سوئنگ تیار کر رکھی ہے، فضل الرحمن نے اپنے بیٹے کو مواصلات دی جہاں پیسہ زیادہ بنتا ہے، میری قوم میری کال پر نکلنے کیلیے تیار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صرف آزاد ملک ترقی کرتا ہے، ان کی دولت ملک سے باہر پڑی ہے، ان کی پراپرٹیز اور محلات ملک سے باہر ہیں، ان کو سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے، ان ڈرون حملوں پرانہوں نے ایک بار پھر مذمت نہیں کی، ان کا مقصد ملک کی ترقی نہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانا تھا، ان کا مقصد صرف این آر او لینا تھا، انہوں نے پچھلے 10 سال اس ملک کو لوٹا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آپ نے میرا ساتھ دینا ہے اور میں نے ان کا مقابلہ کرنا ہے، ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر ہے کہ ہم مر جائیں، امریکیوں کے غلاموں کی غلامی سے بہتر ہے انسان زندہ ہی نہ رہے۔