کراچی: ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ زیر اہتمام ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اشتراک سے امراض قلب کے عالمی دن پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین امراضِ قلب نے خبردار کیاہے کہ پاکستان میں دل کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔اہل پاکستان نے طرزِ زندگی تبدیل نہ کیا تو دل کی بیماریوں میں مزید اضافہ شرح اموات کوبڑھا سکتا ہے کیونکہ دل کی بیماریاں اور فالج دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہیں، ان وجوہات کے باعث سالانہ ایک کروڑ 30 لاکھ افراد موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ان ماہرین میں ہیڈ اف ڈپارٹمنٹ کارڈیولوجی ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر نواز لاشاری، سرسید میڈیکل کالج سے پروفیسر ڈاکٹر زمان شیخ اور کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزکے ڈاکٹر انعام دانش نے خطاب کیا تقریب کی مہمان خصوصی ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا حق اور مہمان اعزازی سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان تھے جبکہ نعت خواں تابندہ لاری نے بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے تقریب ہیلپ انٹرنیشنل کے چیئرمین عبدالروف تابانی اور سید عارف نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ”عالمی یومِ قلب” کی بنیاد 2000 ء میں دنیا بھرلوگو ں میں آگاہی پھیلانے کے لیے رکھی گئی اس وقت دنیا بھر میں دل کی بیماریاں اور فالج موت کی سب سے بڑی وجوہات ہیں، جس سے ہر سال 17.3 ملین جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ اس لیے ڈاکٹر ز کو مریضوں اور عوام الناس کو اس کے بارے میں آگاہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اگر ہم ایک متناسب طرز زندگی اپنائیں اور ہم ایک اچھی زندگی گزار سکتے ہیں مقررین کا کہنا تھا کہ تقریبا ہر سال تقریبا ڈیڑھ کروڑ سے زائد انسان دل کی بیماری کے باعث دنیاسے چلے جاتے ہیں۔ پاکستان میں ایک سال کے دوران تقریبا ایک لاکھ افراد دل کی بیماریوں کے باعث جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ امراض قلب سے مرنے والوں میں نصف کی عمریں پنتالیس سے پچاس سا ل کے درمیان ہیں۔ نوجوان طبقے کا اس مرض میں مبتلا ہونا تشویش کا باعث ہے دل کی بیماریوں کا آغازبلند فشارخون کے باعث ہوتا ہے جبکہ پاکستان کے شہری علاقوں کا طرز زندگی بھی غیر متوازن ہے۔
متوازن غذاؤن اور پھلوں کے استعمال، باقاعدگی سے ورزش اور ذکر الہٰی سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے تمباکو نوشی بھی دل کی بیماریوں کی بڑی وجہ ہے۔ اس موقع پر ماہرین امراض قلب کے پینل ڈسکشن بھی ہوا اور مختلف پرزیٹیشن بھی پیش کی گئیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیلپ انٹر نیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرؤف تابانی نے کہا کہ ہیلپ انٹر نیشنل ویلفیئر ٹرسٹ صحت کے شعبے میں گذشتہ تین عشروں سے کام کررہی ہے اور مختلف بیمارویوں کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کرتے ہیں صحت کے شعبے میں کام کرنے کی بڑی گنجائش موجود ہے اور ہیلپ انٹر نیشنل ویلفیئر ٹرسٹ اپنی استطاعت کے مطابق اس میں کام کرنے کا عزم رکھتا ہے ہم آگے بھی صحت کے شعبے میں آگاہی پروگرام کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔