صوبائی حکومت کی نااہلی سے کراچی جرائم کا گڑھ بن گیا،سراج الحق

کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی اور بے حسی کے باعث ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارلخلافہ مسائل کی آماجگاہ اور جرائم کا گڑھ بن گیا ہے، سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہیں، عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور پینے کے صاف پانی جیسی سہولتیں تک میسر نہیں، 14سال سے سندھ اور کراچی کو پیپلز پارٹی نے یرغمال بنایا ہواہے۔

نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں عظیم الشان اور تاریخی ”ورکرز کنونشن“سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق  نے کہا کہ  کراچی میں حکمران پارٹیوں کی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کی کوششیں ان کی شکست کی واضح علامت ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہاکہ ملک بھر کے عوام مراعات یافتہ اور حکمران طبقے کے بیچ سینڈوچ بنے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے قومی خزانہ محفوظ ہے نہ توشہ خانہ اور نہ سائفر، ساری سیاست جھوٹ اور فریب پر چل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  جس میں سچائی کو خوردبین سے بھی تلاش کرنا  مشکل ہے،مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے جو اسلامی نظام کے نفاذ اور عدل و انصاف کی علمبردار ہے عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے، مسئلہ کشمیر، آئی ایم ایف کی غلامی، ایف اے ٹی ایف قوانین اور ٹرانس جینڈر ایکٹ پر یہ سب متفق ہیں، جھگڑا صرف مفادات کے حصول کا ہے، عوام کے مسائل و مشکلات اور  بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ان کو کوئی سرو کار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے، مسائل کے حل، انصاف کے حصول اور تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی، خاندانی نظام کے استحکام اور بین الاقوامی ساہوکاروں سے نجات اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لیے صرف ایک راستہ ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے، اللہ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، جماعت اسلامی کی جدو جہد اسلامی نظام کے قیام کے لیے اور جماعت اسلامی کی قیادت کرپشن سے پاک اور دیانت دار قیادت ہے۔