اسلام آباد(امت نیوز) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا ایک اور انتہائی نازیبا بیان سامنے آگیا جس میں انہوں نے پٹھان قوم سے متعلق نامناسب گفتگو کی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بشیر میمن کے بیان پر مسکراتے ہوئے بتایا کہ بشیر میمن نے بھی یہی کہا کہ مجھے سمجھانے کے لیے باتھ روم میں لے گئے تھے۔
آن ائیر شو میں تہذیب سے عاری گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پٹھان قوم سے متعلق انتہائی نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بشیر میمن نے پٹھان کے ساتھ باتھ روم میں جاکر بڑا خطرہ مول لیا‘۔
یاد رہے کہ بشیر میمن نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ان کے سامنے مریم نواز کے بارے میں انتہائی غلیظ زبان استعمال کی جس پر انہیں غصہ آگیا اور انہوں نے اونچی آواز میں عمران خان کو جواب دیا، ان کا جواب اتنا سخت تھا کہ بس گالی دینے کی کسر رہ گئی تھی۔
بشیر میمن نے کہا کہ ان کا لب ولہجہ دیکھتے ہوئے اعظم خان ان کا ہاتھ پکڑ کر انہیں باتھ روم میں لے گئے اور دروازہ بند کردیا، اعظم خان نے کہا کہ وزیراعظم کو ایسا کہہ رہے ہو۔۔۔!