ملک میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ملک گیرالرٹ جاری کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے الرٹ میں حکام کو انتہائی چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ جہاں بھی عسکریت پسندوں کی سرگرمی کی اطلاعات ہوں وہاں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک مشنز کیے جائیں۔یہ ہدایات چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اورگلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز، چیف سیکریٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کو جاری کی گئی ہیں۔ تمام حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی بڑھا دیں اور چوکنا رہیں۔
وزارت داخلہ نے متنبہ کیا کہ یہ کالعدم گروپ یا اس سے الگ ہونے والے دھڑے اپنے کمانڈروں کی ہلاکت کا بدلہ لینے اور امن مذاکرات میں مزید پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے آنے والے روز میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافے کی کوشش کر سکتے ہیں۔