میانوالی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلد ‘جیل بھرو تحریک’ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اپنے ملک کی آزادی کیلئے جان کی قربانی دوں گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ سب کے سامنے کھڑا ہوں، وہ قوم میانوالی جس نے مجھے پہلی بار الیکشن جتوایا تھا، آپ نے مجھے ہمیشہ عزت دی ہے، میں میانوالی اور قوم کی پوری طرح خدمت کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ مافیاز کیساتھ ہے چورو اور ڈاکوؤں کیساتھ ہیں، مافیاز لوگوں کے ضمیرخریدتے، ڈراتے دھمکاتے یا لوٹا بناتے ہیں، کوئی بھی آج کل کی گرمی میں اتنی تعدادمیں جلسےمیں نہیں آتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں کال دوں گا میانوالی والوں تیاری کرلو، مجھے لگتا ہے صرف میانوالی والے ہی اسلام آباد بھر دیں گے ، میں آپ سب کوحقیقی آزادی کے جہاد کیلئے تیارکررہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں آزادی دیتاہے ، ہم کہتےہیں اےاللہ تیرےسواکسی کےآگےنہیں جھکوں گا،قوم اورانسان کبھی بڑےکام نہیں کر سکتا جب تک وہ آزاد نہیں ہوتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ غلام صرف غلام بن سکتے ہیں امامت نہیں کرسکتے، غلام کی پروازاقبال کے شاہین کی نہیں ہوسکتی، اقبال کا شاہین تو تب بنتا ہے جب اپنی زنجیریں توڑ دیتا ہے، زنجیریں کھلتی نہیں توڑی جاتی ہیں،آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے۔
اچھی بات ہے شہبازشریف نے کہا انکوائری کریں گے
امریکی سائفر کی تحقیقات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑااچھاہواشہبازشریف تمہیں مراسلہ اورسائفریادآ گیا اور اچھی بات ہے شہبازشریف نے کہا انکوائری کریں گے ، ہم نے تو چیف جسٹس کومراسلہ بھجوایا کہ انکوائری کریں۔
معاشی حالات سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اکنامک سروے میں ہے 17 سال میں پہلی بار معیشت اوپر جارہی تھی، ورلڈ بینک کہتا ہے برصغیرمیں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں مل رہاتھا، کسانوں کو سب سے زیادہ پیسہ ہمارے دور میں ملا، ہمارے دور میں سب سے زیادہ ایکسپورٹس ہوئیں، ہم نے اپنے دور میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔
انھوں نے اپنے دور حکومت کے حوالے سے بتایا کہ ہمارے زمانے میں پٹرول اور ڈیزل 150روپےلیٹرپرتھا، ہمارے دور میں ایک کلو آٹا 55 روپے کا تھا لیکن موجودہ حکومت نے 5ماہ میں انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا، 5ماہ میں مہنگائی کوانھوں نے کہاں پہنچادیا۔
موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ صرف اپنےکرپشن کیسز ختم کررہےہیں ، قوم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوتی ہے۔
دہشت گردی کی جنگ سے متعلق سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک پر400ڈرون حملےہوئے، ڈرون حملوں میں ہزاروں بے قصور پاکستانی مارے گئے، قبائلی علاقے سے 35لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا،آج بھی ہمارے فوجی قربانیاں دے رہے ہیں، آج بھی وزیرستان اورافغانستان بارڈر کیساتھ فوجی شہید ہوتا ہے۔
مریم بی بی خداکاواسطہ ہے سچ بولنا سیکھو،
جلسے سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ میانوالی آپ گواہ ہو کہ میں کہتا رہا یہ ہماری جنگ نہیں ، مجھے طالبان خان کہا جانے لگا، مجھ پر الزام لگایا کہ دہشت گردوں کیساتھ ہوں، ہم چاہتے ہیں پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں، پاکستان کے فیصلے پاکستانیوں کے مفادات میں ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف چاہئے جو انسانوں کو آزاد کرتا ہے، انصاف کمزور اور طاقتور کو قانون کے سامنے برابر رکھتا ہے۔
موجودہ حکومت کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ حکمران ہم پررہے تو ملک اور قوم کا کوئی مستقبل نہیں، انہوں نے آتے ساتھ اربوں کےمقدمات ختم کرائے، انہوں نے10سال حکومت کرکےڈاکےمارے اور نیب ،ایف آئی اے پر اپنے لوگ بٹھا کر کیسز معاف کروالیے۔
مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نےدیکھامریم نےبڑی دکھ بھری تکلیف دہ پریس کانفرنس کی، مریم بی بی خداکاواسطہ ہے سچ بولنا سیکھو، مریم نواز نے جھوٹ بولنےکی پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، تم پرکیس عمران خان نے نہیں کیا تھا آپ پکڑی گئی تھی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاناما پیپر کا انٹرنیشنل انکشاف ہوا تھا، لندن میں مریم نواز کے اربوں روپے مالیت کے فلیٹس تھے، یہ جھوٹ بولتی تھی میری لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں، مریم یہ میں نے نہیں تمہارے بھائی نے کہا تمہارے بڑے بڑے فلیٹ ہیں۔
سزاہمارے زمانےمیں نہیں انکی اپنی حکومت میں تفتیش شروع ہوئی
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کو سزاہمارے زمانےمیں نہیں انکی اپنی حکومت میں تفتیش شروع ہوئی، مریم کہتی ہیں کیونکہ عدالت سے چھوٹ گئی تو بے قصور ہوں، نواز شریف نے 2 بارآصف زرداری کوجیل میں ڈالاتھا، مریم آپ بچ گئی ہیں توآصف زرداری بھی بچ جائےگا، این آراوتوسب نے لے لیا اب تو زرداری بھی بچ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اگرآپ طاقتورہوتوپاکستان کےانصاف کانظام آپ کونہیں پکڑےگا، پاکستان کے انصاف کا نظام صرف غریبوں کو پکڑے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اعلان کیا کہ ابھی تومیں جیل بھروتحریک شروع کرنےلگاہوں، اپنےملک کی آزادی کیلئے جان کی قربانی دوں گا، ہمیں جیلوں میں ڈالنےسےنہ ڈراؤ، تمہارے پاس جیلوں میں70ہزارلوگ آتےہیں یہاں لاکھوں تیارہیں۔
انھوں نے واضح کیا کی کان کھول کرسن لومیں نے ایک ٹیپ بناکررکھی ہوئی ہے، جس دن مجھےکچھ ہواوہ ٹیپ ریلیزہوجائےگی ، میں تو آخرت کا ماننے والا ہوں زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ان 4 لوگوں کو میری قوم معاف نہیں کرے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گیم یہ ہے بند کمروں میں بیٹھے حکومت کے4 لوگوں نےمجھے مروانے کا فیصلہ کیا،ان 4 لوگوں کو میری قوم معاف نہیں کرے گی، اگر مجھے کسی نے قتل کیا تو کہیں گے کہ کسی مذہبی جنونی نے قتل کردیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راناثنااللہ تم جوتیاری کررہے ہو کپتان اس سے زیادہ بہتر تیاری کر رہا ہے، میری پلاننگ بڑی سوچ سمجھ کرہورہی ہے، اسلام آباد کی طرف مارچ تو ایک حصہ ہے، کپتان ایسی پلاننگ کررہا ہے جو تاریخ میں کبھی کسی نے نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ راناثنااللہ تم تو ایک قاتل ہو شہباز شریف تم بزدل آدمی ہو، جوکپتان پلان بنارہا ہے تم جو پلاننگ کر لو فیل ہو جائے گی، تم نہیں روک سکتے اب الیکشن کرانےپڑیں گے۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان آنے دو ایسا استقبال ہوگا زندگی بھر یاد رکھے گا.