واشنگٹن(امت نیوز) امریکا میں ڈیلاویئر کی عدالت نے دنیا کے امیرترین شخص اور ’’ٹیسلا‘‘ کے سی ای او ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان جاری قانونی لڑائی فی الحال ختم کرادی۔
عدالت نے ٹوئٹر خریداری کے لئے 44 ارب ڈالر کی ڈیل کو پورا کرنے کے مقصد سے کیس پر روک لگائی ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریداری کی ڈیل 28 اکتوبر 2022 کو شام پانچ بجے تک پوری کی جانی ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ اگر طے شدہ دن اور وقت پر ڈیل پوری نہیں ہوتی ہے تو نومبر 2022 میں کیس کی دوبارہ سماعت کی تاریخ مل سکتی ہے۔
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک پچھلے تین مہینوں سے ٹویٹر خریدنے کے معاہدے سے جان چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تاہم ایلون مسک نے گزشتہ دنوں ٹوئٹر کے حصول کے لیے 44 بلین ڈالر کے حقیقی معاہدے پر آگے بڑھنے کا اشارہ دیا تھا۔ ساتھ ہی مسک نے ٹوئٹر کی خریداری پر قانونی جنگ ختم کرنے کی بات بھی کی۔
عدالتی فیصلے کے بعد ٹویٹر کے شیئرز میں تیزی کے باعث ٹریڈنگ روکنا پڑی۔ مسک نے ٹویٹر کو 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش کی ہے۔ اس خبر کے بعد کمپنی کے شیئر کی قیمت 13 فیصد اضافے کے ساتھ 47.95 ڈالر پر پہنچ گئی۔