کراچی(اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت نے بارش کے دوران شادمان نالے میں گر کر خاتون اور بچے کی ہلاکت پر متاثرہ شوہر محمد دانش کی جانب سے کے ایم سی کے خلاف ساڑھے 11 کروڑ روپے ہرجانے کے دعوی پر کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا ۔ عدالت نےحکام سے 24 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔ ہفتے کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں بارش کے دوران شادمان نالے میں گر کر خاتون اور بچے کی ہلاکت پر متاثرہ شہری محمد دانش کی کے ایم سی کے خلاف ساڑھے 11 کروڑ روپے ہرجانے کے دعوی کی سماعت ہوئی ۔ کے ایم سی کے خلاف دو الگ الگ دعوے دائر کیے گئے ہیں ۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فارق ایڈووکیٹ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سترہ جولائی کو کے ایم سی کی غفلت سے اہلیہ ثمن اور تین ماہ کا بیٹا اذلان جاں بحق ہوا ، کے ایم سی بروقت حفاظتی اقدامات کرتی تو حادثہ نہ ہوتا، کے ایم سی اور ڈی ایم سی ہلاکتوں کے براہ راست ذمہ دار ہیں ، متعدد شکایات کے باوجود انتظامیہ نے کھلے نالے پر توجہ نہیں دی، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے دعوی پر کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا ۔ عدالت نےحکام سے 24 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔