وزیراعظم نے سردیوں میں بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کردی

اسلام آباد(امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت گیس سپلائی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو خصوصاً ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی کی ہدایت کی۔
مزید براں وزیراعظم نے ٹیکسٹائل ملز کو گیس سپلائی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ٹیکسٹائل ملز کو بروقت گیس فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔
موسم سرما میں گیس کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، علاوہ ازیں وزیراعظم نے جنوری کے مہینے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید کھاد درامد کرنے کی ہدایت بھی کی۔