کراچی، ڈیفنس فیز 7 میں سلنڈر دھماکہ،4 افراد زخمی

کراچی(اُمت نیوز)کراچی ڈیفنس فیز 7 میں سلنڈر دھماکہ سے4 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔جناح اسپتال میں برنس وارڈ نہ ہونے پر زخمیوں کو سول اسپتال بھیج دیا گیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس جامی کمرشل فیز 7 میں فوڈ پانڈا کے اسٹور پر دوپہر ساڑھے 12 بجے دھماکہ ہوا جس میں چار افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق چار زخمی ہوئے ہیں ابھی تک کوئی جاں بحق نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں زوہیب ولدیت مقصود 22 سالہ،شاہ رخ ولدیت شہباز 18 سالہ،عامر ولدیت صغیر 25 سالہ اور انیل ولد صدیق 22 سالہ شامل تھے۔جھلس کر زخمی ہونے والوں کو 12 بج کر 45 منٹ پر جناح اسپتال لایا گیا تاہم جناح اسپتال میں برنس وارڈ نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔