فائل فوٹو
فائل فوٹو

تہرے قتل کے مقدمے میں ملزم علی گوہرچانڈیو کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے مہیڑ دادو میں تہرے قتل کے مقدمے میں ملزم علی گوہر چانڈیو کی درخواست ضمانت اور گوہر چانڈیو کی ضمانت منظوری کیخلاف درخواست مسترد کردی۔

جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل سنگل بینچ کے روبرو مہیڑ دادو میں تہرے قتل  کیس میں ملزمان رکن سندھ اسمبلی برہان چانڈیو ،سردار چانڈیو اور دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

ملزمان کے وکیل نے  سی ڈی آر سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ برہان چانڈیوکے وکیل نے موقف دیا کہ جس دن واقعہ ہوا برہان چانڈیو جلسے میں شریک تھے۔ پولیس نے جلسے میں شریک لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ 5 سال سے کیس وہیں کا وہیں ہے۔ عدالت نے ملزم علی گوہر چانڈیو کی درخواست ضمانت مسترد کردی اور رکن سندھ اسمبلی برہان چانڈیو کی عبوری ضمانت میں توثیق کردی جبکہ سردار چانڈیو کی ضمانت منظوری کیخلاف درخواست بھی مسترد کردی۔

عدالت نے ٹرائل چلانے کیخلاف ہائیکورٹ میں سردار چانڈیو کی جانب سے دائر درخواست واپس لینے کا حکم دیدیا اور ریمارکس دیئے کہ ملزم سردار چانڈیو نے ہائیکورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے  وہ حکم امتناع سے متعلق درخواست واپس لیں گے۔

عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ملزمان پر 15 روز میں فرد جرم عائد کرنے اور3 ماہ میں اہم شواہد ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا اورریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ میں کیس کی کارروائی تاخیر کا شکار نہیں ہونی چاہیے۔