وفاق سے اپنا حق چھین کر رہیں گے۔ محمود خان

پشاور(امت نیوز)وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان کہا ہے کہ صوبے کے حقوق کے حصول کےلئے تمام قانونی اور آئینی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔
مشترکہ مفادات کونسل جیسے ادارے میں آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔
اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلا کر تمام جماعتوں کے ارکان کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اسلام آباد میں احتجاج بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کابینہ کے ارکان، صوبائی چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ وفاق سے ہم اپنا حق چھین کر رہیں گے۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
انہوں نے صوبائی حکومت کے سادگی اور کفایت شعاری کے سلسلے میں پہلے سے جاری مہم پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کرنے اور تمام محکموں کو اس پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے غیرترقیاتی اخراجات بشمول سرکاری دفاتر کی غیرضروری تزئین و آرائش نہ کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے مشکلات کے باوجود عوام کو سستے آٹے کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے اہم منصوبے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔