پاکستانی روپیہ مستحکم،ڈالر کی قدرمیں مزید کمی

کراچی؛ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور کاروبار کے آغاز پر امریکی کرنسی کی قدر میں 29 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 217 روپے 50 پیسے پر آگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر کی قدرمیں کمی ہوئی تھی اور ڈالر ایک روپے 22 پیسے کم ہوکر 222 روپے پر بند ہوا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ڈالر کی قیمت 200 روپے سے نیچے لانے کا بیان اور بینکوں کے خلاف انکوائری کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 105 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 42 ہزار 50 پوائنٹس پر آ گیا ہے۔