کراچی:آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے دوکروڑ روپے کی چوری کا ڈراب سین ہوگیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے مقدمے میں ڈیوٹی افسر، ہیڈ محرر اور سنتری کو نامزد کیا گیا تھا لیکن ان تینوں میں سے کوئی بھی ملوث نہیں نکلا جبکہ تینوں گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی جنوب نے بھی تصدیق کی کہ 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل آرٹلری میدان کے علاقے میں رکشا سوار سنار سے نامعلوم ملزمان تین کروڑ سے زائد نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ روپے سے زائد برآمد کیے تھے جوکہ تھانے کے مال خانے میں رکھے ہوئے تھے، چند روز قبل مال خانے میں رکھی رقم جوکہ کیس پراپرٹی کے طور پر رکھی تھی غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔