سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب 45 کروڑ روپے کی برطانوی امداد

لندن(امت نیوز) برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے اضافی 10 ملین پاؤنڈ یعنی 2 ارب 45 کروڑ 29 لاکھ 77 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
اس اضافے کے بعد برطانوی امداد مجموعی طور پر 26.5 ملین پاؤنڈ یعنی 6 ارب 50 کروڑ روپے ہوگئی۔
برطانیہ سے ملنے والی مجموعی امداد میں سے 21.5 ملین پاؤنڈ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جب کہ 50 لاکھ پاؤنڈ براہ راست ڈیزاسٹرز ایمرجنسی کمیٹی (DEC) کو جائیں گے۔ پاکستان میں برطانوی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 10 ملین پاؤنڈز کی اضافی مالی امداد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے ڈینگی، ملیریا، ہیضہ وغیرہ کے سدباب کے علاوہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کے قیام، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہوگی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، وہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔
لارڈ طارق احمد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ برطانیہ مستقبل میں موسمی آفات کے خلاف پاکستان کی معاشی بحالی کی حمایت کرے گا۔
برطانیہ کی نئی ‘ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ اسکیم’ پاکستان سے برطانیہ کو برآمد کی جانے والی 94 فیصد اشیا کو ڈیوٹی فری رسائی دے کر تجارت کو بڑھانے میں مدد دے گی۔
انسانی امداد میں برطانیہ کے 26.5 ملین پاؤنڈز کے عطیہ کے علاوہ، برطانیہ کی رائل ایئر فورس کی ایک پرواز نے حال ہی میں سیلاب کی امدادی کارروائیوں میں استعمال کے لیے آٹھ کشتیاں اور دس پورٹیبل جنریٹر بھی فراہم کیے ہیں۔