سندھ حکومت کاپھر بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانےکا مطالبہ

کراچی( اُمت نیوز)صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا یہ تیسرا خط ہے، سندھ حکومت نے ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن 3 ماہ کے لیے ملتوی کرانےکا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ سیلاب کے باعث متعلقہ پولیس فورس فراہم کرنے سے قاصر ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے 5,000 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، 5 ہزار میں سے 1,305 انتہائی حساس اور 3ہزار 688 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں ۔

سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 39 ہزار 293 پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے ان میں سے 22 ہزار 507 کی نفری فراہم کرسکتے ، 16ہزار 786 کی کمی کا سامنا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ سیلاب متاثرین کراچی کے مختلف اضلاع کے ٹینٹ سٹی میں رہائش پذیر ہیں، ملیرکے جن اسکولوں میں سیلاب متاثرین ہیں وہ مجوزہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے اور سندھ حکومت الیکشن ملتوی کرنےکے لیے اس سے قبل بھی 2 مرتبہ خط لکھ چکی ہے تاہم الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرچکا ہے۔