کوئٹہ(اُمت نیوز)بلوچستان کے علاقے قلات میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قلات میں ہونے والے بم دھماکے میں دو سیکورٹی اہلکار موقع پر شہید جبکہ تین زخمی ہوئے۔ لیویز حکام نے بتایا کہ دھماکا جوبان میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قلات سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 2سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہیں، جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ضیا اللہ لانگو نے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔
مشیر داخلہ نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمی ہونے والے افراد کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔