ان تمام ارکان پر ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔فائل فوٹو
ان تمام ارکان پر ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا الزام۔ 18 لیگی ارکان معطل

لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان نے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں مسلم لیگ ن کے 18 ارکان کو معطل کر دیا۔

اسپیکرنے لیگی ارکان صوبائی اسمبلی پر15 نشستوں کے لئے داخلے پرپابندی عائد کردی ، ان تمام ارکان پر ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔

مسلم لیگ ن کے جن ارکان اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے، ان میں میاں عبدالرؤف، سمیع اللہ خان،ملک محمد وحید،عظمیٰ بخاری، صبا صادق، راحیلہ خادم حسین، ربیعہ نصرت، رابعہ فاروقی، زیب النساء اعوان، ذیشان رفیق، کنول لیاقت ایڈووکیٹ، گلناز شہزادی، نفیسہ امین، محمد افضل ،عادل بخش، سعدیہ ندیم، راحت افزا اور سنبل مالک حسین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ارکان کو معطل کرنے کی وجہ بتائی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار قرارداد پیش کر رہے تھے تو اس وقت لیگی ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے شور شرابہ کیا تھا۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے لیگی ارکان کی رکنیت معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔