اسلام آباد(اُمت نیوز)کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس اور انتظامیہ پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے انتظامات کرے گی، اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
ارشد شریف کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے دوران سینئر سرجن بھی موجود ہوں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی میت صبح کے اوقات میں پمز اسپتال منتقل کی جائے گی۔
دوسری جانب سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کی میت کینیا سے پاکستان پہنچا کر اسلام آباد کے نجی اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔
ارشد ملک کی میت لے کر غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے نے رات 1 بجے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کیا تھا۔
فیملی ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دن 2 بجے شاہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ایچ الیون کے قبرستان میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ارشد شریف کو اتوار کی رات نیروبی مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں مبینہ غلطی پر پولیس نے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
Tags latest urdu news taza tareen urdu khabren urdu news ارشد شریف قتل