اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت کی سازش کا سرغنہ عمران خان لگتا ہے، فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو سنجیدہ لینا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کسی نے ریڈ زون آنے کی کوشش کی تو پھر نقصان کی ذمے داری اسی کی ہوگی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ریاست مسلح جتھے کے سامنے سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کی جس میں سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کی۔
پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ ارشد شریف کی موت قتل ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔
پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی نے فیصل واوڈا کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے اور انہیں شوکاز جاری کردیا ہے۔