صنعتی زون میں بجلی،گیس اور پانی بلا تعطل فراہم کیا جائے،فراز الرحمان

کراچی (کامرس رپورٹر ) جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے سی ای او عرفان واحد نے کہا ہے کہ NTRصنعتی زون کے دوسرے فیز میں کاٹی کے ممبران کو رعایتی قیمت پر پلاٹ فراہم کرنے کیلئے پیکیج تیار کر رہے ہیں۔ جہاں سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو 50 فیصد کی ادائیگی پر قبضہ دیدیا جائے گا بقیہ 50 فیصد آسان اقساط میں اداکرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر فراز الرحمان، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی،سابق صدر فرحان الرحمان، NTRصنعتی زون کے ڈائریکٹر اسلم میاں نوراور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔
جی ایف ایس بلڈرز کے سی ای او عرفان واحد نے کہا کہ انڈسٹریل زون کا دوسرا فیز متعلقہ اداروں سے منظور شدہ ہے اورصنعتکاروں کو آسان شرائط پر قبضہ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وعدے کے مطابق پہلے فیز کے 1000 گز کے پلاٹ کے قبضے مقرر مدت میں دینے کیلئے تیار ہیں۔ عرفان واحد نے کہا کہ بینک اسلامی نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی اور صنعت کار بینک اسلامی سے آسان شرائط کے قرضے حاصل کرکے پلاٹ با آسانی خرید سکتے ہیں۔ سی ای او جی ایف ایس نے کہا کہ کاٹی اور ہم ایک خاندان کی مانند ہیں جس کا سہرا فرحان الرحمان کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی کے پارک کا کام تعطل کا شکار ہوا جس پر افسوس ہے تاہم یوم کشمیر یعنی 5 فروری کو پروجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
اس سے قبل کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے کہا کہ کسی بھی صنعتی علاقے کیلئے بجلی، گیس اور پانی جیسی ضروریات کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں یقینی بنایا جائے کہ جی ایف ایس NTRصنعتی زون میں صنعتکاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔فراز الرحمان نے کہا کہ کاٹی NTRصنعتی علاقے میں جی ایف ایس سے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتکاری پر توجہ دینا انتہائی ضروری ہے اور جی ایس ایف واحد بلڈرز ہیں جنہوں نے صنعتکاروں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتی زون کے قیام کی بنیاد رکھی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور یہاں صنعتی زون کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایف ایس کاٹی کے ممبران کیلئے خاص رعایتی پیکیج تیار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ NTR صنعتی زون میں پلاٹ کم قیمت پر دستیاب ہے جو صنعتکاروں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیرچھایا نے کہا کہ کاٹی کے سماجی مہم میں جی ایف ایس بلڈرز نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا۔ کاٹی اور جی ایف ایس کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔ انہوں  نے کہا کہ کراچی کے دیگر صنعتی علاقو ں میں پلاٹ کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے جس کے باعث صنعتکاری کو فروغ نہیں مل رہا۔ اور ملک میں کاٹیج انڈسٹری سمیت چھوٹی اور درمیانی صنعت کی اشد ضرورت ہے۔
زبیر چھایا نے کہا کہ کاٹی کا پارک ہمارا خواب ہے اور چاہتے ہیں کہ جلد وہ منصوبہ مکمل ہو تاکہ کورنگی صنعتی علاقے میں مزید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔تقریب سے NTR کے ڈائریکٹر اسلم میاں نور نے کہا کہ پروجیکٹ دو فیزز پر مشتمل ہے ، پہلے فیز میں 125 گز سے لے کر 1000 گز کے پلاٹس موجود ہیں جس کیلئے انفرااسٹرکچر تیار ہے۔ جبکہ دوسرا فیز 400 ایکڑ پر محیط ہے جو سی پیک منصوبے سے نذدیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے مسئلہ کو دور کرنے کیلئے چینی کمپنی سے بھی معاہدہ ہو رہا ہے جو وہاں شمسی توانائی سے بجلی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں صنعتی پلاٹ کی قیمت 3لاکھ روپے گز ہے جبکہ ہم NTR میں صنعتکاروں کو 25 ہزار روپے گز پر پلاٹ دے رہے ہیں۔ صنعتکار 50 فیصد ادائیگی کرکے پلاٹ کا قبضہ حاصل کرسکتے ہیں بقیہ رقم آسان اقساط میں اداکرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔