اسد عمر نے لانگ مارچ کے راولپنڈی پہنچنے کا نیا شیڈول جاری کردیا۔فائل فوٹو
اسد عمر نے لانگ مارچ کے راولپنڈی پہنچنے کا نیا شیڈول جاری کردیا۔فائل فوٹو

عمران خان نے فوج سے لڑائی کا الزام نواز شریف اورآصف زرداری پرلگا دیا

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری پی ٹی آئی کو فوج سے لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔

عمران خان نے گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملک کو ٹوٹتے دیکھا تھا، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا جو الیکشن جیت گئی تھی لیکن مشرقی پاکستان کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا گیا، کیونکہ یہاں ایک سیاست دان نے اپنی کرسی کےلیے سازش کرکے انہیں ان کا حق نہیں دیا، اس نے فوج کو اس پارٹی کیخلاف کھڑا کردیا جس کے نتیجے میں ملک ٹوٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر لندن میں بیٹھا بھگوڑا نواز شریف اور ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ملکر سازش کررہے ہیں، کہ ملک کی سب سے جماعت پی ٹی آئی اور فوج و اسٹیبلشمنٹ کو ایک دوسرے کیخلاف کھڑا کریں، یہ ملک کیخلاف سازش ہے، سارے چوروں کا مقصد فوج کا پی ٹی آئی سے ٹاکرا کرانا ہے۔

عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اگر آزاد نہیں ہوتی تو اس کی عزت نہیں ہوتی اور پرواز کے لیے اللہ نے انسان کو پر دیے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری کے پیچھے سندھ آرہاہوں، نواز شریف تم واپس آؤ الیکشن لڑو میرا چیلنج ہے تمہیں میں تمہارے حلقے میں ہرا کر دکھاؤں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نوازشریف نہیں کہ ملک سے فرار ہوجاؤں، میراجینا مرنا پاکستان میں ہے، نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی اور باہرگئے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سب مل کر ڈاکو نواز کا استقبال کریں گے اور سیدھا ایئرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کر جائیں گے، ہماری تحریک، ساری قوم چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہی ہے کہ آپ نے ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔

نہوں نے کہا کہ عدالتیں عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتی ہیں لیکن عام آدمی کچہری میں رلتا ہے اور اس کی شنوائی نہیں ہوتی۔ عام آدمی کے بنیادی حقوق نہیں ہوتے کیونکہ وہ غلام ہوتے ہیں۔ حکومت کو اسکرپٹ باہر سے ملتا ہے اور حکومت کو اسکرپٹ دیا جاتا ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لندن میں بھگوڑا نواز شریف اور آصف زرداری مل کر سازش کر رہے ہیں۔ آصف زرداری کا ولایتی بیٹا تو اردو انگریزی کی طرح بولتا ہے۔