کراچی: سی ٹی ڈی نے چینی ڈاکٹرکی ٹارگٹ کلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب کارروائی کرکے کالعدم دہشتگرد تنظیم ایس آر اے کے رکن محمد افضل لنڈ عرف عافی کو گرفتار کیا گیا جب کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ جرمنی میں جلاوطن تنظیم کے سربراہ ذوالفقار خاصخیلی عرف سفیر سے براہ راست رابطے میں ہے، خاصخیلی اس کی مالی معاونت کر رہا ہے، ملزم کے بھیجے گئے پیسوں سے موٹر سائیکل اور اسلحہ خریدا ہے۔
ملزم نے مزید بتایا کہ ذوالفقار خاصخیلی نے اسے حیدرآباد میں چینی ڈینٹل کلینک کے ڈاکٹر کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا جس کی ملزم نے ریکی بھی مکمل کرلی تھی تاہم منصوبے پرعمل درآمد کرنے سے پہلے ہی اسے گرفتارکرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزم کراچی صدر میں چینی ڈینٹل کلینک پر ٹارگٹڈ کارروائی کرنے والے ملزمان کا ساتھی ہے۔