کراچی(اُمت نیوز)کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 11 کے فلیٹ میں گیس دھماکے سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ 13 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 11 میں راڈو بیکری کے قریب ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں پیش آیاہے۔
دھماکے سے فلیٹ نمبر 212، 213 اور 214 کو شدید نقصان پہنچا، رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس گئے ہیں
دھماکے سے گھر کے در و دیوار کو بھی نقصان پہنچا، ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعہ میں جھلسنے والے 15 افراد کو سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔
علاج کے دوران 40 سالہ خاتون ثناء بشیر احمد اور ان کی 18 سالہ صاحبزادی علیشبا جاں بحق ہوگئیں جبکہ 13 افراد کو برنس سینٹر میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق فلیٹ کے ایک کمرے میں گیس جمع ہونے سے دھماکا ہوا۔