اسلام آباد:سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہاکہ سپریم کورٹ میں مزید نئے ججز تعینات ہو رہے ہیں، سپریم کورٹ کے بنچزتبدیل کرنے جارہے ہیں ، فیصل واوڈا کیس سننے والا بنچ بھی تبدیل ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہاکہ پچھلی سماعت پر2 سوالات پوچھے گئے تھے ،ایک سوال تھا ہائیکورٹ کی 62 ون ایف کے تحت ڈکلیئریشن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے یا نہیں ،دوسرا سوال تھا کیوں نہ حقائق کی روشنی میں آرٹیکل 187 کا اختیار استعمال کرے ۔
وکیل فیصل واوڈا نے کہاکہ تحریری جواب عدالت میں پیش کردیا ہے ،فاروق نائیک نے کہاکہ ابھی تحریری جواب ملا ہے، دلائل دینے کیلیے وقت درکار ہے ۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہاکہ سپریم کورٹ میں مزید نئے ججز تعینات ہو رہے ہیں، سپریم کورٹ کے بنچز تبدیل کرنے جارہے ہیں ، فیصل واوڈا کیس سننے والا بنچ بھی تبدیل ہوگا،عدالت نے سماعت نومبرکے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔