بحرین میں ایئر شو کے دوران جے ایف 17لڑاکا طیارہ توجہ کا مرکز

بحرین: بحرین میں ایئر شو کے دوران جے ایف 17لڑاکا طیارہ توجہ کا مرکز بنا رہا۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے بحرین ایئر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس میں ’’فخر پاکستان‘‘ جے ایف-17 تھنڈر طیارے نے بھی حصہ لیا، اس موقع پر مختلف ممالک کے وفود کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، تقریب میں دیگر طیاروں اور دفاعی آلات کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر تیار کردہ جے ایف-17 لڑاکا طیارہ نمائش کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے دستے سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے ائیر شو میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں ان کی شرکت قوم کیلیے باعث فخر ہے۔

ایئر چیف نے ملک کا نام روشن کرنے کیلیے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی تمام تر کاوشوں کو سراہا،انھوں نے میگا ایونٹ میں عمدہ شو پیش کرنے پر پاک فضائیہ کی ٹیم کی بھی تعریف کی، بعد ازاں سربراہ پاک فضائیہ نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کئی اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے جنگی طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ترین ہتھیاروں کے متعلق حاضرین کو معلومات فراہم کیں، حاضرین فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کو اپنے درمیان دیکھ کر پرجوش تھے، اسٹیٹک ڈسپلے کے علاوہ، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے تیار کردہ جے ایف-17 طیارے نے ایروبیٹکس کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر بحرین کی فضائوں میں طیارے کی گھن گرج کے ساتھ ساتھ، بے صبری سے منتظر ہجوم کا جوش و خروش بھی قابلِ دید تھا،سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بننے والے ڈسپلے نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور جیسے ہی طیارہ واپس رن وے پر اترا حاضرین نے پرجوش انداز میں تالیوں سے اس کا استقبال کیا۔