اسلام آباد: تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سڑکوں کی بندش اور کنٹینرز لگانے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے آئی جی اسلام آباد سے 17 نومبر تک رپورٹ طلب کی ہے۔
سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری شبیر خٹک عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ’پورے اسلام آباد میں کنٹینرایسے پڑے ہیں جیسے کوئی اور ہی حالات ہیں۔
’اچھی سی اینٹی رائیٹ فورس کیوں نہیں بناتے، کنٹینر کیوں لگاتے ہیں؟ کنٹینر لگانے کی بجائے کوئی اور طریقہ استعمال کیوں نہیں کرتے؟‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے اب تک احتجاج کیے جا رہے ہیں اور دھرنے کے اعلان اورقائدین کی ہدایت پر سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کو سڑکیں خصوصاً موٹروے پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی جائے اور پی ٹی آئی کو پابند کیا جائے کہ دھرنے اورجلسے کا انعقاد اسلام آباد سے باہر کریں۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی۔