اسلام آباد: گاوں سید پورمیں تیندوے کے ٹریل تھری کے پاس موجودگی کے شواہد مل گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ تیندوے کو پکڑنے تک ٹریل کو عام پبلک کے لیے بند کر دیا گیا۔
شہریوں خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں سے علاقے میں اکیلے سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ گاوں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی متعلقہ ٹیمز کو مارگلہ کی پہاڑیوں اور سید پور گاوں بھیجا گیا۔انوائرمنٹ ونگ، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار ان علاقوں میں تعینات ہیں۔ اہلکار تیندوے کو آبادی سے دور رکھنے کی کوشش کریں گے۔
ٹیمز کے ساتھ محکمہ جنگلی حیات کی خصوصی ٹیمیں بھی علاقے میں موجود ہیں۔وقتی طور پر ٹریل 3 کو عوام الناس کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ تیندوے متعلق مسئلہ حل ہوتے ہی راستہ کھول دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری چیتے کے بارے میں ملنے والی معلومات سی ڈی اے، محکمہ ماحولیات اور پولیس حکام کو فراہم کریں تاکہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کچھ موٹرسائیکل سواروں نے چیتے کو دیکھ کر تیز رفتاری سے بھاگنے کی کوشش کی اور توازن کھونے کے بعد گر کر بعد زخمی ہو گئےتھے۔