سپریم کورٹ: پرویز مشرف حملہ کیس کے ملزم رانا تنویر کو رہا کرنیکا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف حملہ کیس کے ملزم رانا تنویر کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاق اور پنجاب کی رہائی کیخلاف اپیلیں مسترد کردیں۔جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملزم کی رہائی کی درخواست کی سماعت کی۔

وکیل حشمت حبیب نے دلائل دیے کہ رانا تنویر کی عمر قید کی سزا پوری ہو چکی ہے، سزا پوری ہونے کے باوجود رانا تنویر کو رہا نہیں کیا جارہا ہے، عمر قید کی مدت 14 سال ہے، میرے موکل کو جیل میں قید تقریبا 20 سال ہو چکے ہیں۔

عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کی رہائی کا حکم دے دیا۔

رانا تنویر حسین کو 31 دسمبر 2003 کو پنڈی ٹوٹل حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ رانا تنویر کو 2005 میں سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔