راولپنڈی اوراسلام آباد میں سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر خالد سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کمانڈر کا اصل نام محمد نبی ہے جس نے خالد کے نام سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔
مبینہ دہشت گرد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے جو راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
دہشتگرد محمد نبی عرف خالد نے چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابقہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کی تھی۔
ملزم خالد کالعدم تنظیم کو خراسان میں منظم کرنے اور محاذ آرائی میں ملوث رہا اور 2019 میں افغان فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا۔
خالد 2021 میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر فرار ہوا اور غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان داخل ہوا ۔
دوران تفتیش دہشت گرد خالد نے انکشاف کیا کہ چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابقہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کے بعد اسے بطور امیر داعش خراسان دلسوالی نورگل مقررکیا گیا۔