اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ وزیر اعظم کا ہے اور یہ تبدیل نہیں ہو سکتا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اہم تعیناتیوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی اختیارکا استعمال کیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کو سمری بھیج دی ہے۔ سمری خفیہ کمیونیکیشن نہیں بلکہ اوپن ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدرکے پاس ایڈوائس پرعمل کرنے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے اہم تعیناتیوں پرفیصلہ کابینہ کواعتماد میں لے کرکیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کا اختیار ہے کسی افسر کی ریٹائرمنٹ فریزکرسکتی ہے اور اہم تعیناتیوں پر فیصلہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر سمری پر دستخط 10 منٹ میں بھی کرسکتے ہیں اور تاخیر بھی ہوسکتی ہے تاہم یہ وزیراعظم کا فیصلہ ہے اور یہ فیصلہ تبدیل نہیں ہوسکتا۔ عمران خان کبھی امریکہ، کبھی آئین اور سائفرکے ساتھ کھیلتے ہیں۔