فائل فوٹو
فائل فوٹو

اپوزیشن کے پی اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلیے متحرک

پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں ایوان کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لیے متحرک ہو گئی ہیں ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے آج رات ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس اپوزیشن لیڈراکرم درانی کی رہائشگاہ پرہو گا۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرزشرکت کریں گے جس میں خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز پرغورہو گا، اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پرغورہو گا۔

اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں ہونے دیں گے، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اختیار ولی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیر اعلیٰ محمود خان بادام نہیں توڑ سکتے اسمبلی کیا توڑیں گے، اسمبلی خیبر پختونخوا کے 4 کروڑ عوام کی امانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد جمع کرائیں گے، عدالت سے رجوع کرنے کا آپشن بھی استعمال کریں گے، معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے ہر حکم پر من وعن عمل درآمد کرے گی۔