عمران خان ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلے ہیں۔فائل فوٹو
عمران خان ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلے ہیں۔فائل فوٹو

وفاق کو گرانے آئے تھے، اپنی حکومتیں گرانے کا اعلان کردیا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد: ‎وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان وفاق کو گراتے گراتے اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے چلے گئے۔

‎وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان غیر متعلقہ ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کی چار سال میں لائی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی، تاریخی قرض سب عمران خان کی باقیات ہے، حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل پر مرکوز ہے، ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈا پرکاربند ہیں، اس ایجنڈے کے ذریعے ہم نے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دنیا پر قومی ترجیحات واضح کر دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعمیراورتخریب کے دو کردارقوم کے سامنے ہیں، الیکشن وقت سے پہلے کیوں کرائیں کیونکہ عمران خان کا اقتدار ختم ہو گیا ہے، گرانے وفاق کی حکومت آئے تھے اور اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے چلے گئے، اعلان نظام سے نکلنے کا کرتے ہیں اوراُسی نظام سے استعفیٰ دینے کے باوجود تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی  فیس سیونگ  پی ٹی آئی کے کام نہیں آسکتی کیونکہ عوام ان کے حقیقی فیس سے واقف ہے، حالات بدل گئے لیکن ایک شخص کا جھوٹ، فسادی ذہن اورایجنڈا نہیں بدلا۔