سائیکل پر فرانس سے قطر

فٹبال ورلڈ کپ کے 2 شائقین تین ماہ میں سائیکل پر فرانس سے قطر پہنچ گئے

فٹبال ورلڈکپ میں اپنی پسندیدہ ٹیم کے میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کے لئے دو مداحوں نے چار ہزار میل کا سفر تین ماہ میں کیا۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے 2 افراد نے اپنے ملک سے قطر تک سائیکل پر سفر کیا۔

گیبرئیل مارٹین اور مہدی بلامیسا نے 3 ماہ کے دوران 4350 میل کا فاصلہ سائیکل پر طے کیا اور اپنی ٹیم فرانس کو کھیلتے دیکھنے کے لیے قطر پہنچے۔

مہدی بلامیسا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ دیوانہ پن تھا مگر ہمیں اس طرح کے خیالات پسند ہیں اور ہمیں اس پر کوئی افسوس نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ ہم کسی کے ملازمین نہیں تو ہم نے سائیکل سے قطر جانے کا فیصلہ کیا۔

اس سفر کا آغاز پیرس کے Stade de France اسٹیڈیم سے ہوا اور اس کا اختتام قطر کے لوسيل اسٹیڈیم پر ہوا جہاں فٹبال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دونوں دوستوں نے روزانہ اوسطاً 115 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

اس سے قبل یہ دونوں 2021 میں یورو کپ کو دیکھنے کے لیے فرانس سے اٹلی سائیکل پر جاچکے تھے اور اسی تجربے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے قطر جانے کا فیصلہ کیا۔

قطر پہنچنے کے بعد فرنچ فٹبال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے دونوں دوستوں کو ٹیم سے ملاقات کے لیے مدعو کیا اور گروپ مرحلے کے تینوں میچز کی ٹکٹیں فراہم کیں۔

فرانس کے منیجر  نے دونوں دوستوں کو فرنچ ٹیم کی جرسی بھی دی جس پر تمام کھلاڑیوں نے دستخط کیے تھے۔

مہدی بلامیسا نے بتایا کہ بیشتر فرنچ افراد نے ہمیں قطر کے مختلف مقامات پر لے جانے کی پیشکش بھی کی۔

وہ دونوں 13 مختلف ممالک سے گزر کر قطر تک پہنچے تھے اور اس دوران مختلف مشکلات کا بھی سامنا ہوا مگر ان کا جوش و خروش کم نہیں ہوا۔

انہوں نے سعودی عرب میں پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کے بارے میں بھی بتایا۔

وہ دونوں سعودی شہر ریاض سے نکلے تو سائیکل کی مرمت کے لیے دکان ڈھونڈنا مسئلہ بن گیا اور وہ 15 گھنٹے بعد دوبارہ اسی جگہ پہنچ گئے جہاں سے چلے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران وہ زیادہ تر کھلی سڑک پر رہتے تھے اور کبھی کبھار کوئی مقامی فرد انہیں کھانا کھلا دیتا تھا۔