بھارت کی ریاست اتر پردیش میں دلہن کے ایک طنزیہ ٹوئٹ نے سالوں سے خراب سڑک راتوں رات تعمیر کروا دی۔
شہر پریاگ راج کے علاقے کنئہانی کی رہائشی نقوش فاطمہ نے گھر سے متصل سالوں سے خراب سڑک بنوانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کو شادی میں مدعو کیا۔
نقوش فاطمہ نے ٹوئٹر پر وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں آپ کو اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دیتی ہوں مگر اس سے پہلے میرے گھر سے متصل سڑک بنوا دیں۔
دلہن نے لکھا کہ آپ اور باراتی کچی سڑک سے شادی میں آئیں گے تو ہمیں اچھا نہیں لگے گا۔
نقوش فاطمہ کے ٹوئٹ پر یوگی ادتیہ ناتھ نے نوٹس لیا اور راتوں رات سڑک کی تعمیر کروا دی جس سے اب علاقہ مکین کافی خوش ہیں
دراصل، سنگم شہر، پریاگ راج کے دھومن گنج علاقے کے کنہائی پور کی رہنے والی نقوش فاطمہ نامی لڑکی کی شادی 7 دسمبر کو قرار پائی تھی۔ نقوش کے گھر بارات بھی آنی تھی تاہم ان کے گھر سے متصل سڑک انتہائی خراب اور خستہ تھی۔ برسوں سے سڑک نہیں بنی تھی جس کے بعد نقوش نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو ٹویٹ کرکے اپنی شادی میں مدعو کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ ہماری شادی میں ضرور آئیں، لیکن اس سے پہلے سڑک بنوا لیں کیونکہ آپ اور بارات (دونوں) کچی سڑک پر سے ہمارے گھر آئیں گے تو اچھا نہیں لگے گا۔‘‘ فاطمہ کا ٹویٹ کافی وائرل ہوا جس کے بعد راتوں رات سڑک کی تعمیر و مرمت کی گئی۔