کوئٹہ (اُمت نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ عمران خان کو مذاکرات کی میز پر نہیں بلکہ قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔
کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قومی مجرم قرار دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج عمران خان مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے، اس نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں عمران خان کو اقتدار سے باہر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ حافظ حمد اللّٰہ تم پاکستانی نہیں ہو، مجھے کہا کہ میرا پورا خاندان پاکستانی ہے لیکن تم نہیں۔
انہوں نے چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی اور دیگر رہنماؤں کو جمعیت میں شمولیت پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔