اسلام آباد:سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پرویز الٰہی کو بنی گالہ کے چکر لگانے کا جنرل (ر) باجوہ نے نہیں، دو اور لوگوں نے کہا تھا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسحاق ڈار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پرویز الٰہی کو کال واپڈا ہاؤس اور کہیں اور سے آئی جس کے بعد انہوں نے جنرل (ر) باجوہ کو کہا کہ انہیں یہ مشورہ دیا گیا ہے جس پر جنرل (ر) باجوہ نے کہا جو آپ کی مرضی ہے وہ کر لیں۔
اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف تو پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تیار ہی نہیں تھے میں نے مشکل سے رضامند کیا تھا مگر جو پرویز الٰہی نے کیا اس سے دھچکا لگا، آئندہ پرویز الہی کی واپسی سے متعلق کوئی کردارا دا نہیں کروں گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آرمی چیف کیلئے جو نام شہباز شریف نے دیا ، نواز شریف نے توثیق کر دی ،صدر مملکت اگر سمری کو مسترد کرتے تو حکومت کے پاس پلان بی موجود تھا اور وہ یہ تھا کہ اسی نام کو جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف بنا دیتے ۔