شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہو گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں ایک سویلین بھی شہید ہوا جبکہ 9 شہری زخمی ہوئے ہیں، خود کش حملہ 14 دسمبر کو میرانشاہ کے علاقے میں کیا گیا۔شہید ہونے والے حوالدار محمد امیر کی عمر 30 سال اور میانوالی سے تعلق تھا۔
واضح رہے کالعدم ٹی ٹی پی نئے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی افراد، خواتین، اسکول کے بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے، یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گرد مایوس ہیں، ریاست نے دہشتگردوں کے تمام مطالبات کو مسترد کرکے آئین کے مطابق ان سے نمٹنے کا عزم کر لیا ہے، دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو بڑی حد تک محدود کر دیا گیا تھا، دہشت گرد دوبارہ منظم نہیں ہو سکے ہیں، ان کےلئے کوئی سہولت مرکز نہیں ہے۔ مایوس دہشتگرد عناصر اب اپنے آخری حربے آزما کر ریاست کی توجہ چاہتے ہیں۔