لاہور:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جرل باجوہ نے چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پربڑا ظلم کیا۔
عمران خان نے کوئٹہ کے اے ایس ایف طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ان کو پکڑنے لگتے ہیں باہر بھاگ جاتے ہیں،انہوں نے پہلے مشرف سے ڈیل کی اور اب باجوہ سے ڈیل کی، نوازشریف واپس آنے کے لئے پر تول رہا ہے، نوازشریف نیلسن منڈیلا بنا ہوا ہے کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے، انصاف ہی ایک قوم کو آزاد کرتا ہے، جو معاشرہ ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ نہیں کرتا وہ مر جاتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے ہم پر جہاد اس لیے فرض کیا ہے کہ ہم ظلم و ناانصافی کے سامنے کھڑے ہوں، جتنا معاشرے میں جنگل کا قانون ہوتا ہے طاقتور کمزور پر ظلم کرتا ہے، انسانی قانون کے اندر انصاف ہوتا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جانوروں کے معاشر ے میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، آپ بیساکھیاں لے کر چلنا شروع کردیں تو آپ کی ٹانگیں کمزور ہوجائیں گی، ہم نے وہ پاکستان بنانا ہے جو اپنے پیروں پر کھڑا ہو، اپنا پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں اور دوسرے سے مدد مانگ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جانور بھی کھاتا پیتا ہے اور بچے پیدا کرکے مرجاتا ہے، انسان کا رتبہ تب ہے جب اس میں انسانیت ہو، میں صرف اور صرف اپنی قوم کے مستقبل کے لئے نکلا ہوا ہوں، یہ بھی کوئی مستقبل نہیں ہے کہ میں ویزہ لے کر باہر چلا جاؤں گا، بزدل طبقہ کبھی نہیں نکل سکتا اور دوسرا خود غرض۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو بجائے باہر بھاگ جانے کے اس ملک کے لیے کام کرنا چاہیے، یہ اپنے 1100ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ چور این آر او کی گنگا میں دھل کر پاک ہورہے ہیں، آج کسان سڑکوں پر ہے، پیداوار نیچے آگئی ہے۔