لاہور:تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے استعفوں کی تصدیق کیلیے اسپیکر کو خط لکھ دیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کااعلان کیا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لا کر ہماری حکومت کو ختم کیا گیا، اسپیکر نے ہمارے استعفوں میں سے من پسند استعفے منظور کیے، ہم سب نے اصولی مؤقف پر ایک ساتھ استعفا دیا تھا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے استعفوں کو سیاسی مقصد کیلیے استعمال کیا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنے دستخط کے ساتھ خط لکھ دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلیے ایک ساتھ بلائیں یا الگ الگ ہم تیار ہیں، لوگوں نے ضمنی انتخابات میں عمران خان کو مینڈیٹ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں حکومت کی جانب سے غلط بیانی کی گئی، تحریک انصاف کے کسی رکن کو تنخواہ نہیں ملی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ ہماری استعفوں کو فوری طور پر منظور کیا جائے، اسمبلیاں تو تحلیل ہونی ہیں، اور ملک انتخابات کی طرف جائے گا۔