لاہور: پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیاں کب تحلیل ہوں گی؟ فیصلہ سنانے کا وقت آگیا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان تمام ڈویژنل اجتماعات سے ویڈیو لنک کے زریعے خطاب کے دوران اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ اور دیگر سیاسی اقدامات کا اعلان کریں گے، عمران خان کے فیصلوں کی توثیق کے لئے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور محمود احمد خان چیئرمین پی ٹی آئی کے خطاب کے موقع پر انکے دائیں بائیں زمان پارک میں موجود ہوں گے، عمران خان سے آج پارٹی کے سینئر رہنما ملاقات کریں گے، خطاب کے نکات کو حتمی شکل دی جائے گی، لبرٹی چوک میں جلسے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی۔
مرکزی اور صوبائی قائد ین لبرٹی چوک میں سٹیج پر موجود ہوں گے، لاہور کے پاور شو میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے کارکن بھی شریک ہوں گے، لبرٹی چوک میں بڑی سیکرین لگا کر عمران خان کا خطاب سنایا جائے گا۔