ڈاکوؤں کی لیگی ممبر قومی اسمبلی کے بھائی کی گاڑی پر فائرنگ

پاکپتن(اُمت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا کے چھوٹے بھائی کی گاڑی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا کے بھائی معظم مانیکا اپنے آبائی گاؤں پیر غنی سے کام کے سلسلہ میں جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر دی، ڈاکوؤں نے فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تو اہل علاقہ نے مساجد میں اعلانات کروا کر ان کا تعاقب شروع کر دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکو فرار ہو کر دریائے ستلج کے قریب مکئی فصل میں چھپ گئے تھے، اہل علاقہ کا ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد انہیں گھیر کر پکڑ لیا گیا، علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنانا شروع کی تو پولیس نے انہیں دیہاتیوں سے بچاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔